نئی دہلی،27؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سبرامنیم سوامی کے مسلسل الزامات سے تلملائے بی جے پی کے کچھ لیڈران اب ان پر لگام کسنے کا مطالبہ کر نے لگے ہیں۔ان لیڈروں کا ماننا ہے کہ سوامی کے الزامات سے حکومت کی شبیہ کو نقصان پہنچ رہا ہے اور کام پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی بھی سوامی سے خاصے ناراض ہیں اور ان کی ناراضگی کا سبب ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے اس تنازعہ میں ان کے حق میں بیان نہیں دیا۔سوامی نے کچھ دن پہلے مرکزی حکومت کے چیف اقتصادی مشیر اروند سبرامنیم پر نشانہ سادھا تھا۔اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہاتھاکہ غیرملکی دورے پروزراء کو ٹائی سوٹ نہیں پہننا چاہیے۔کوٹ اور ٹائی میں وہ ویٹرلگتے ہیں۔اس دوران وزیر خزانہ ارون جیٹلی ہی غیر ملکی دورے پرتھے۔بعد میں سوامی نے صفائی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جیٹلی کے بارے میں نہیں بول رہے تھے۔اسی درمیان ملک میں ایمرجنسی لگائے جانے کے41سال مکمل ہونے کولے کرسوامی کا مجوزہ لیکچر آج منسوخ کر دیا گیا۔یہ لیکچر جنوبی ممبئی میں ایک پرائیوٹ کالج میں ہونا تھا اور سوامی اس پروگرام کے خصوصی اسپیکر تھے۔’ایمرجنسی :مستقبل کے لیے سبق ‘موضوع پر منعقد ہونے والے اس پروگرام کے لیے مہاراشٹر بی جے پی کے سربراہ راؤصاحب دانوے اور ممبئی کے پارٹی سربراہ آشیش شیلار سمیت کئی دیگر لیڈروں کو مدعو کیا گیا تھا۔یہ پوچھے جانے پر کہ پروگرام کو کیوں منسوخ کیا گیا؟ ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ناگزیر وجوہات کی وجہ سے سوامی اتوار کو ممبئی آنے کی پوزیشن میں نہیں تھے ،اس لیے پروگرام کو منسوخ کیا گیا۔حالانکہ آشیش شیلار سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے بتایاکہ ممبئی بی جے پی نے اس پروگرام کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاہے ،تاہم انہوں نے اس کے لیے کوئی وجہ بتانے سے انکار کردیا ۔